اسلام آباد: ملک میں کورونا وائرس سے مزید 27 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 991 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 46 ہزار 269 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 991 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اس طرح کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 2.14 فیصد رہی۔
ملک میں اب تک کورونا کے مصدقہ مثبت کیسز کی تعداد 947,218 ہوگئی ہے جن میں سے 889,787 مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز اس وبا نے مزید 27 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا۔ اس طرح ملک میں اب تک اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 21 ہزار 940 ہوگئی ہے۔
ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے اور فعال کیسز کی تعداد 35 ہزار 491 ہوگئی ہے۔ جب کہ 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر:
کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلا کربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔
سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔
پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔
The post ملک میں کورونا سے مزید 27 افراد جاں بحق ہوگئے appeared first on ایکسپریس اردو.
source https://www.express.pk/story/2191920/1