لاہور: یونس خان دانتوں پر کراؤن لگواتے رہے،بیٹنگ کوچ کی پوزیشن چھن گئی۔
ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں یونس خان نے بتایا کہ میں دورئہ زمبابوے کے بعد واپس آیا تو ڈینٹسٹ نے عید کے بعد کی تاریخ دی، عزیز کے انتقال کی وجہ سے مردان جانا پڑ گیا، واپسی پر ہیڈ کوچ مصباح الحق نے فون کرکے نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ کیلیے بلا لیا، 16جون کو ڈاکٹر کے پاس 6گھنٹے رہنا پڑا، 18تاریخ کو دوبارہ علاج ہوا،ڈاکٹر نے کہا کہ 21 کو کراؤن وغیرہ لگا دیے جائیں گے، آپ اگلے روز جا سکتے ہیں۔
اس دوران پی سی بی سے کال آگئی اور 20تاریخ کو لاہور میں کھلاڑیوں وکوچنگ اسٹاف کو جوائن کرنے کا کہا گیا، مجھے باضابطہ طور پر یہ بتانا مناسب نہیں سمجھا گیا کہ کب بائیو سیکیور ببل میں داخل ہونا ہے۔
یونس خان نے پی سی بی کے ایک اعلیٰ افسر کا نام لیے بغیر کہا کہ انھوں نے مجھے فون کر کے کہا ’’آپ بائیو سکیور ببل میں نہیں آئے لہذا آپ ٹیم کے ساتھ انگلینڈ نہیں جاسکیں گے، آپ کو یاد ہے کہ ہم نے محمد حفیظ کے ساتھ کیا کیا تھا۔‘‘
یونس خان نے کہا کہ میرا جواب تھا’’میں محمد حفیظ نہیں بلکہ یونس خان ہوں اور میں نے اسی وقت فیصلہ کر لیا کہ اب میرا بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے رہنا ممکن نہیں ہے۔‘‘
جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز سے قبل کیمپ میں محمد یوسف کی آمد کے حوالے سے یونس خان نے کہا کہ قومی ٹیم کے کوچز موجود ہیں تو پھر ایچ پی سی اسٹاف کے آنے کا کیا مقصد تھا،اگر انھیں لانا ہی تھا تو بیٹنگ کوچ کو اس بارے میں پیشگی اطلاع دینے کی ضرورت محسوس کیوں نہیں کی گئی۔
سابق کپتان نے یہ انکشاف بھی کیا کہ اس مداخلت پر انھوں نے جنوری میں ہی اپنا استعفیٰ بھیج دیا تھا، چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کی معذرت کے بعد دوبارہ کام کرنے پر راضی ہوگیا تھا۔
The post یونس دانتوں پر کراؤن لگواتے رہے،پوزیشن چھن گئی appeared first on ایکسپریس اردو.
source https://www.express.pk/story/2196978/16